ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل والوں کے لئے کاروار سے آئی بڑی راحت کی خبر؛ کورونا کے چار مریض صحتیاب ہوکر کل ہوں گے ڈسچارج

بھٹکل والوں کے لئے کاروار سے آئی بڑی راحت کی خبر؛ کورونا کے چار مریض صحتیاب ہوکر کل ہوں گے ڈسچارج

Mon, 13 Apr 2020 22:31:36    S.O. News Service

بھٹکل13/اپریل (ایس او نیوز) کورونا وائرس کو لے کربھٹکل والوں کے لئے کاروار سے پھر ایک بار بڑی راحت کی خبر موصول ہوئی ہے۔ اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے خبردی ہے کہ  کل منگل کو  کاروار نیوی اسپتال پتنجلی سے چار لوگ کورونا سے صحتیاب ہوکر ڈسچارج ہورہے ہیں۔ اور ظاہر ہے کہ ان چاروں کا تعلق بھٹکل سے ہے۔

جس طرح دنیا بھر میں عوام کورونا وائرس کو لے کر پریشان ہیں، بھٹکل کے بھی بعض لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آنے کی وجہ سے ضلع بھر میں بھٹکل شہر کو  کورونا کا ہاٹ اسپاٹ قرار دیا جارہا ہے بھٹکل میں کورونا کے نو مریض پائے جانے کی وجہ سے صرف بھٹکل ہی نہیں پورے ضلع اُترکنڑا  کو ریڈ زون میں شامل کیا گیا ہے۔ اور پوری  ضلعی انتظامیہ بھٹکل سے کورونا وائرس پر قابو پانے اپنا پورا زور لگارہی  ہے۔

جو چار لوگ کل منگل  کو کاروار اسپتال سے ڈسچارج ہوں گے اُن میں تین خواتین ہیں جبکہ ایک 24 سالہ نوجوان ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ایک 65 سالہ شخص کورونا سے صحت یاب ہوکر بھٹکل لوٹا تھا وہ اب ہوٹل کولا پیراڈائز میں کورنٹائن میں ہے، کل جو تین خواتین ڈسچارج  ہورہی ہیں، اُس میں ایک اُن کی اہلیہ اور دیگر دو  ان کی بیٹیاں ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز 65 سالہ شخص کے ساتھ ایک 40 سالہ شخص بھی کاروار اسپتال سے ڈسچارج ہوا تھا، اُس شخص کو مینگلور ائرپورٹ سے بھٹکل لانے کے لئے جو نوجوان گیا تھا اور اُسے ائرپورٹ سے ریسیو کرکے بھٹکل میں اُس کے گھر ڈراپ کیا تھا،  اُس  کی بھی جانچ کی گئی تھی اور اُس کی بھی رپورٹ کورونا پوزیٹیو نکلی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ وہی 24 سالہ نوجوان بھی کل کاروار اسپتال سے ڈسچارج ہونے والوں میں شامل ہے۔

اس طرح بھٹکل کے چھ لوگ صحت یاب  ہونے کے بعد اب کاروار پتنجلی نیوی اسپتال میں دو لوگ  موجود ہوں گے اور ڈی سی کی اطلاع کے مطابق اُن دونوں  کی بھی صحت بالکل ٹھیک ہے اور وہ بھی  روبہ صحت ہیں۔ ایسے میں اس بات کی بھی خبرملی ہے کہ   کاروار اسپتال میں ایڈمٹ  دو بھائی بھی اگلے دو دنوں کے اندر ڈسچارج ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ  بھٹکل کی ایک حاملہ خاتون اُڈپی میں ایڈمٹ ہے اور خبر ہے کہ وہ بھی وہاں بالکل ٹھیک ہے۔

بھٹکل کے قریب 30 لوگوں کی رپورٹ باقی:  کاروار سے چار لوگوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع کے ساتھ ساتھ ذرائع نے خبر دی ہے کہ بھٹکل کے قریب 30 لوگوں کی رپورٹ موصول ہونی باقی ہے۔ بتایا جارہا تھا کہ آج پیر  شام تک  تمام لوگوں کی رپورٹ موصول ہوگی، مگر دیرشام تک بھی رپورٹ کے تعلق سے کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ مشکوک لوگوں کے ساتھ ساتھ   بھٹکل تعلقہ اسپتال میں کورونا مریضوں کی جانچ کرنے والے بعض اسٹاف اور نرس سمیت  بعض سماجی کارکنوں  کے بھی تھوک کے سیمپل جانچ کے لئے روانہ کئے گئے ہیں، تمام کی رپورٹ آج شام تک آنی تھی، مگر خبر ملی ہے کہ کل صبح  تک تمام رپورٹس مل سکتی ہیں۔ سمجھا جارہا ہے کہ اگر یہ تمام رپورٹس بھی نیگیٹو آتی ہے تو پھر بھٹکل کے عوام راحت کی  سانس لے سکیں گے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شموگہ لیبارٹری کی مشین خراب ہونے کی وجہ سے بھٹکل کے تمام سیمپل جانچ کے لئے بنگلور روانہ کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے رپورٹ موصول ہونے میں تاخیر ہورہی ہے۔


Share: